ایف بی آر کا سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کوٹے میں 50 فیصد کمی کا حکم، آپریشنل گاڑیاں مستثنیٰ

اسلام آباد (پاک ٹوڈے):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کٹوتی سے متعلق حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کا باقاعدہ حکم جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، تاہم فیلڈ میں متحرک آپریشنل گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل رہے گا۔

​ایف بی آر کی جانب سے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ارسال کیے گئے رسمی مراسلے کے مطابق ایندھن کے کوٹے میں 50 فیصد کمی کا یہ اقدام ابتدائی طور پر 3 ماہ کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔ ادارے نے تمام متعلقہ شعبوں اور فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی پالیسی کی روح کے مطابق فیصلے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

مراسلے میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ کٹوتی کے اس فیصلے سے آپریشنل سرگرمیوں کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ایف بی آر کی فیلڈ آپریشنز، ریکوری اور دیگر ضروری سروسز انجام دینے والی گاڑیوں پر ایندھن میں 50 فیصد کمی کا لاگو نہیں ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق استثنیٰ کا معیار صرف اور صرف آپریشنل نوعیت کی گاڑیوں تک محدود ہے، جبکہ مستثنیٰ اداروں اور شعبوں کی انتظامی یا غیر آپریشنل سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کا ایندھن 50 فیصد ہی کم کیا جائے گا۔

​علاوہ ازیں، مراسلے میں تمام فیلڈ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی آپریشنل گاڑیوں کے لیے درکار ایندھن کے بجٹ کا تخمینہ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو بھیجیں تاکہ آپریشنل امور بغیر کسی تعطل کے جاری رہ سکیں۔

Related posts

حسن خیل میں کان گرنے سے 3 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن مکمل

27 ستمبر کا لانگ مارچ، بھاگنا ہی تھا تو احتجاج کی کال کیوں دی، عطا تارڑ

سات دن میں حکومت مسائل حل کرلے، 4 اکتوبر کا لانگ مارچ اٹل ہے، سہیل آفریدی