خیبر پختونخوا میں ایک ماہ کے نسبتاً سکون کے بعد حملوں میں اچانک اضافہ، 24 گھنٹوں میں 12 پولیس اہلکار مارے گئے

اسلام الدین ساجد

اسلام آباد (پاک ٹوڈے) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں تقریباً ایک ماہ کے نسبتاً سکون کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدت پسندی کے واقعات میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کوہاٹ اور صوابی میں پولیس اہلکاروں پر الگ الگ حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 12 اہلکار مارے گئے، جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ اس دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اسٹیشن پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش بھی کی گئی۔

پولیس کے مطابق کوہاٹ کے علاقے دارابو کچ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے بعد واپس آنے والی پولیس پارٹی پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ حملے میں 10 پولیس اہلکار مارے گئے، جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی میں 18 حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق پولیس اور مقامی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واپسی پر مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کی ایما پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے منسلک شدت پسندوں نے پولیس پارٹی کو نشانہ بنایا۔

دوسرا واقعہ صوابی میں پیش آیا، جہاں منصوری پولیس چوکی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار قتل ہوگئے، جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔

ان دونوں واقعات میں مجموعی طور پر 12 پولیس اہلکار مارے گئے، جبکہ مختلف اطلاعات کے مطابق ایک درجن سے زائد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اسٹیشن پر حملہ

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بند کورائی میں پولیس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس کے مطابق بارود سے بھری ایک پک اپ گاڑی پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور عمارت کی دیوار سمیت قریبی مسجد کو نقصان پہنچا۔

پولیس نے حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کی، تاہم اہلکاروں کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ مقامی لوگوں نے بھی پولیس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

پشاور میں مطلوب ٹی ٹی پی کمانڈر مارا گیا

پشاور کے علاقے بارہ شیخان میں پولیس نے کارروائی کے دوران مطلوب ٹی ٹی پی کمانڈر سیف اللہ کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق سیف اللہ گزشتہ تین برس سے افغانستان میں مقیم تھا اور مبینہ طور پر ضلع خیبر کے علاقے علی مسجد میں سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں اور بارودی مواد کے ذریعے کارروائیوں میں ملوث رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایک مسلح گروہ کا کمانڈر بن کر دوبارہ پاکستان آیا تھا۔

کارروائی کے دوران دستی بم حملے میں دو پولیس اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے۔

شمالی وزیرستان میں بھاری ہتھیاروں اور ٹینکوں کے ساتھ آپریشن

خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع اور سابق قبائلی علاقوں میں شدت پسندی کے واقعات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں بھی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی اشتیاق محسود نے پاک ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سابق قبائلی علاقوں اور جنوبی اضلاع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد آپریشن کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھی ایک نیا اور بڑے پیمانے کا سرچ آپریشن جاری ہے، جس میں بھاری ہتھیاروں اور ٹینکوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اشتیاق محسود کے مطابق سکیورٹی فورسز کا خیال ہے کہ شدت پسند شہری آبادی کے درمیان رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں، جس کے باعث ان کے خلاف کارروائیاں پیچیدہ ہو جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف فوجی آپریشنز کے ذریعے مستقل امن قائم کرنا مشکل ہوگا، اس کے لیے پاک افغان سرحد پر مؤثر کنٹرول اور شدت پسندوں کی سرحد پار نقل و حرکت روکنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں اور عالمی سطح پر دباؤ کے بعد افغان حکومت پاکستانی شدت پسندوں کے خلاف نسبتاً سخت اقدامات کر رہی ہے، تاہم سرحدی علاقوں میں امن کے لیے اس تعاون کو عملی اور مستقل شکل دینا ضروری ہے۔

حکام کا امن قائم کرنے کا عزم

ایک پاکستانی سکیورٹی اہلکار نے پاک ٹوڈے کو بتایا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے متاثرہ علاقوں میں مکمل امن قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران کوہاٹ واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور شدت پسندوں کے درمیان روابط موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایک سال بعد صوبے کی سکیورٹی صورت حال مختلف ہوگی اور شدت پسندوں کا خاتمہ ہوچکا ہوگا۔

گورنر نے مارے جانے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

خیبر پختونخوا کے بارہ ایمرجنسی اضلاع کے مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے بھی پولیس اور مقامی آبادی کے درمیان یکجہتی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بند کورائی میں شہریوں نے پولیس کا ساتھ دے کر شدت پسندی کے خلاف اجتماعی عزم کا اظہار کیا ہے۔

Related posts

مستونگ میں فوجی کیمپ پر خودکش حملہ، بی ایل اے کا 18 اہلکاروں کو مارنے کا دعویٰ

عمران خان کی دو بہنیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا، قانونی کارروائی مکمل

خیبر میل ایکسپریس میں بم کی اطلاع، خان پور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین روک دی گئی