واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی معاشی دباؤ تہران کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ترکی، عمان اور متحدہ عرب امارات نے مختلف ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں روک دی ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات اور ترکی کے بعض بینکوں نے ایران کے ساتھ مالی لین دین بھی معطل کردیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے خلاف معاشی ناکہ بندی کو ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا نام دیا ہے اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے روکنے کے لیے تہران پر پابندیوں کے ذریعے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بعض ماہرین اقتصادیات نے امریکی پابندیوں کی افادیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پابندیوں کا اثر ایران کے بڑے تجارتی شراکت داروں کے ردعمل پر منحصر ہوگا، جن میں ایران کا سب سے بڑا تیل خریدار چین بھی شامل ہے۔