لانگ مارچ روکنے کی بھاری قیمت، اسلام آباد کی سکیورٹی پر ایک ارب سے زائد خرچ کا امکان

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں سکیورٹی انتظامات پر ہونے والے اخراجات نے سرکاری خزانے پر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے، جہاں مجموعی اخراجات ایک ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکیورٹی کے لیے 1550 کنٹینرز حاصل کیے گئے ہیں، جن کا روزانہ کرایہ 4 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد بنتا ہے۔ سات روز کے دوران صرف کنٹینرز کا کرایہ 32 کروڑ 55 لاکھ روپے جبکہ دو ہفتوں کا کرایہ 65 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ جائے گا۔

اسلام آباد پولیس نے لانگ مارچ کے سکیورٹی انتظامات کے لیے 82 کروڑ روپے کے فنڈز بھی طلب کیے ہیں۔ سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے پنجاب سے 16 ہزار پولیس اہلکار طلب کیے گئے ہیں، جن کے کھانے پر روزانہ 96 لاکھ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کے کھانے کا ایک ہفتے کا خرچ 6 کروڑ 72 لاکھ روپے بنتا ہے۔

اہلکاروں کی نقل و حرکت کے لیے 70 کوسٹرز اور 30 ڈبل کیبن گاڑیاں بھی کرائے پر حاصل کی گئی ہیں۔ کوسٹرز کا یومیہ کرایہ 10 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ ڈبل کیبن گاڑیوں کا روزانہ کرایہ 3 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

پولیس اہلکاروں کی رہائش کے لیے 157 ہوٹل کمرے بھی حاصل کیے گئے ہیں، جن پر روزانہ 7 لاکھ 54 ہزار 500 روپے خرچ ہوں گے۔ ایک ہفتے میں ان کمروں کا مجموعی خرچ 52 لاکھ 81 ہزار 500 روپے بنتا ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کنٹینرز، پولیس اہلکاروں کے کھانے، ٹرانسپورٹ اور رہائش سمیت دیگر سکیورٹی انتظامات پر ہونے والے اخراجات کو ملا کر لانگ مارچ کے دوران سرکاری خزانے سے ایک ارب روپے سے زائد خرچ ہونے کا امکان ہے۔

Related posts

لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، مطلوب شدت پسند کمانڈر منظور مارا گیا

مستونگ: نامعلوم افراد نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا

شمالی کوریا کی ڈرونز اور میزائلوں کے امتزاج سے ’سوارم حملوں‘ کی مشقیں