ایران (پاک ٹوڈے): ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اپنے چین کے دورے کے دوران پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف اور مسلح افواج کے کمانڈر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ گفتگو میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ رابطہ بدھ کو اس وقت قائم کیا گیا جب عباس عراقچی بیجنگ میں موجود تھے۔ اس سے قبل انہوں نے چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں عراقچی نے کہا کہ ایران ایسے سفارتی حل کا خیرمقدم کرتا ہے جو عوام کے حقوق اور مفادات کی ضمانت فراہم کرے۔
عراقچی کا یہ دورہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب اطلاعات ہیں کہ چینی صدر شی جن پنگ آئندہ ہفتے واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ تاہم بیجنگ نے اب تک اس ممکنہ دورے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ ادھر چند گھنٹے قبل شمالی کیرولینا میں ایک انتخابی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ ’ایران ایک معاہدہ چاہتا ہے‘۔