بانہ ماڑی میں پولیس اہلکار پر فائرنگ، سیف سٹی اہلکار زخمی

پشاور (پاک ٹوڈے): تھانہ بانہ ماڑی کی حدود میں دورہ روڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیف سٹی میں تعینات پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیف سٹی کا اہلکار موٹر سائیکل پر دورہ روڈ کے قریب جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اسے روک کر مبینہ طور پر موبائل فون یا موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ اہلکار کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں اہلکار کا موبائل فون اور موٹر سائیکل محفوظ رہے، تاہم فائرنگ کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔

دوسری جانب مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، موبائل فون چھیننے اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں پولیس گشت اور سیکیورٹی کے انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں تاکہ جرائم کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

Related posts

بنوں میں پولیس گاڑی پر دھماکہ، تمام اہلکار محفوظ رہے

خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیو کا نیا کیس، صوبے میں تعداد 6 ہوگئی

اختلافِ رائے دبانے اور سخت سزاؤں کے تجربات ناکام ہوچکے ہیں، خواجہ سعد رفیق