ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کی خرابی کی وجہ سے 1000 سے زائد پروازیں منسوخ، 15 ایئرپورٹس متاثر

لندن (پاک ٹوڈے): برطانیہ میں نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) کے فلائٹ ڈیٹا پروسیسنگ سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث ملک گیر فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ اس بحران کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد داخلی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ جبکہ سیکڑوں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

​ترجمان NATS کے مطابق تکنیکی خرابی سے لندن کے ہیتھرو، گیٹوک، اسٹینسٹیڈ اور مانچسٹر سمیت ملک کے 15 اہم ایئرپورٹس کا پروسیسنگ سسٹم متاثر ہوا۔ خرابی کی نشاندہی کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر رات گئے پروازوں کی آمد مکمل طور پر معطل رہی، جبکہ روانگی کے آپریشن کو انتہائی محدود پیمانے پر جاری رکھا گیا۔

​فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق تکنیکی خلل کے باعث نہ صرف برطانیہ کے اندر پروازیں متاثر ہوئیں، بلکہ متعدد بین الاقوامی طیاروں کو فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر یورپی ممالک کے مختلف ایئرپورٹس پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔

​اگرچہ حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم کے بنیادی مسئلے کو حل کر لیا گیا ہے، تاہم پروازوں کے بیک لاگ کی وجہ سے شیڈول پروازوں کی تاخیر اور منسوخی کا سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹوں تک جاری رہنے کا خدشہ ہے۔

​ایئر لائنز انتظامیہ نے سسٹم میں خرابی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے نظام میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

​دوسری جانب برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے NATS سے جامع تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس تمام تر تکنیکی خرابی کے دوران فضائی سلامتی اور سیفٹی پروٹوکولز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

Related posts

تربت: خیر آباد کے قریب اسسٹنٹ کمشنر تمپ کی سرکاری گاڑی چھین لی گئی

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافہ، اطلاق ستمبر کی مہم سے ہوگا