شنکئی ڈیم کے قریب پولیس کی گاڑی پر حملہ، کانسٹیبل ظفران ہلاک، ایک اہلکار زخمی

کرک (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں شنکئی ڈیم کے قریب گشت پر مامور پولیس کی موبائل گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

​تفصیلات کے مطابق کرک میں معمول کے گشت کے دوران شنکئی ڈیم کے قریب ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا۔

​ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کرک، عمران کے مطابق فائرنگ کے شدید واقعے میں کانسٹیبل ظفران موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ کانسٹیبل محمد امتیاز شدید زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریب واقع اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

​واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک عمران بھاری نفری کے ہمراہ خود جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کا گھیراؤ کر لیا۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں وسیع پیمانے پر "سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن” کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

​پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related posts

تربت: خیر آباد کے قریب اسسٹنٹ کمشنر تمپ کی سرکاری گاڑی چھین لی گئی

8 ماہ کے دوران ہزاروں شکایات کا ازالہ، عوامی اطمینان ہی اصل وژن

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان