تہران ( پاک ٹوڈے): ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے پانچ ایرانی تیل بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں اردن میں قائم امریکی فوجی اڈے ’’ازرق‘‘ کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن کا ’’ازرق‘‘ فوجی اڈہ امریکی ایف-35، ایف-16 اور ایف-15 جنگی طیاروں کی تعیناتی کے لیے استعمال ہوتا ہے، جسے بیلسٹک میزائل حملے کا ہدف بنایا گیا۔
دوسری جانب اردن نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے اردن کی سمت 20 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔
اردنی مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق دفاعی نظام نے ان میں سے 18 میزائلوں کو راستے میں ہی ناکارہ بنا دیا جبکہ دو میزائل غیر آباد علاقوں میں جا گرے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایرانی حملے کا یہ دعویٰ خطے میں جاری امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔