اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر نہ ڈالیں، سندھ ہائیکورٹ حکومت پر برہم

کراچی (پاک ٹوڈے): سندھ ہائیکورٹ نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر نہ ڈالا جائے۔

سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم امتناع کے باعث تمام ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں، جس سے مختلف مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس پر جسٹس سلیم جیسر نے صوبائی حکومت اور کے ایم سی کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومتی معاملات میں کیا کچھ ہو رہا ہے، سب جانتے ہیں، لیکن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے عدالتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ شفافیت یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے خود اقدامات نہیں کرتے اور بعد میں کام کی بندش کا ذمہ دار عدالتوں کو ٹھہرا دیتے ہیں۔

جسٹس سلیم جیسر نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں کو اپنے معاملات کا جائزہ لینا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ نااہل افسران کو اہم عہدوں پر کیوں تعینات کیا گیا ہے۔ کام کی بندش کے ذمہ دار متعلقہ ادارے خود ہیں، جو نہ صرف اپنا بلکہ عدالتوں کا وقت بھی ضائع کرتے ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک ٹینڈرز اور بولیوں کے عمل پر عائد حکم امتناع برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

Related posts

کراچی میں گیس سلنڈر دھماکا، گھر کا ایک حصہ منہدم، 5 افراد زخمی

یمن اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ، میزائل حملوں اور فضائی کارروائیوں کے دعوے، مال بردار جہاز بھی ہائی جیک

امریکی حملے دوبارہ شروع ہوئے تو ایران کے پاس مزید سرپرائزز موجود ہیں، تہران کی واشنگٹن کو وارننگ