اٹلی میں اسکولوں میں برقع و حجاب پر پابندی کی تیاری

روم (پاک ٹوڈے): اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اسکولوں میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد محدود کرنے اور برقع و حجاب پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانونی اقدام تیار کر رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جارجیا میلونی نے اپنی جماعت برادرز آف اٹلی کی نوجوان تنظیم کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ فیسٹیول فینکس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اطالوی بچے اپنے ہی کلاس رومز میں خود کو اقلیت محسوس کریں۔

انہوں نے کہا کہ کسی اطالوی کلاس روم میں اطالوی طلبہ صرف اس وجہ سے اقلیت محسوس کریں کہ وہاں غیر ملکی طلبہ کی تعداد زیادہ ہوگئی ہے، یہ صورتحال قابل قبول نہیں۔

اطالوی وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت اسکولوں میں برقع اور حجاب پر پابندی عائد کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ مجوزہ قانون کے تحت غیر ملکی طلبہ کی تعداد کو بھی محدود کیا جائے گا۔

جارجیا میلونی کے مطابق غیر ملکی طلبہ کے والدین کے لیے اطالوی زبان سیکھنا بھی لازمی قرار دیا جائے گا، خصوصاً ان والدین کے لیے جن کے بچوں کو اسکول کے نظام میں انضمام کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

اطالوی وزیراعظم نے بتایا کہ ان مجوزہ اقدامات کو جلد وزرا کی کونسل کے سامنے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

 

Related posts

سیوٹا میں 3 ہزار سے زائد تارکین وطن اب بھی سڑکوں پر رہنے پر مجبور

حوثی حملوں کا بھرپور جواب: یمنی فوج نے تعز کے اہم محاذوں پر پیش قدمی کا دعویٰ کر دیا

ماسکو پر یوکرین کا اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ، 4 افراد ہلاک، تیل کی ریفائنری شدید متاثر