پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سادہ کپڑوں میں جب بھی کسی شخص کو اٹھایا جائے گا تو اس پر ردعمل سامنے آئے گا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو قانونی، آئینی اور پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے حکومت پر عدالتی احکامات اور قانون پر عمل نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرز عمل سے ملک کو کس سمت لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکور خان پر حملے کی ویڈیو موجود ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے پینا فلیکس جلانے اور احتجاجی کیمپ اکھاڑنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
سہیل آفریدی نے سیاسی صورتحال کو مذاکرات کے ذریعے بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے ذریعے حالات درست کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ گورنر راج نافذ کیا جا سکتا ہے تو وہ ایسا کرکے دیکھ لے۔
اس سے قبل پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے خلاف انتشاری سیاست کے الزامات مسترد کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام آئینی اور سیاسی راستے اختیار کیے، تاہم شنوائی نہ ہونے کے بعد لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا۔