وفاق نے خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا، گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج فراہم کر دیا ہے، جس پر وفاق کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر صوبے کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں اور وفاق کے سامنے خیبرپختونخوا کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق کو صوبے کے لیے پیکج سے متعلق جو سفارشات بھیجی گئی تھیں، ان پر چیئرمین اور جنرل سیکریٹری پاکستان تحریک انصاف کے دستخط بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بھی آواز اٹھائی گئی۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ چشمہ لفٹ کینال منصوبے کے حوالے سے بھی بات چیت ہو چکی ہے اور اسے جلد شروع کیا جائے گا۔ تاہم حکومت کی ترجیحات میں پہلے شدت پسندی کا خاتمہ اور امن و امان کی بہتری شامل ہے، جس کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر کام آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پشاور میں انڈر پاس کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے آئے تھے اور کوشش ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے تک منصوبہ مکمل کر لیا جائے۔ انڈر پاس کی تکمیل سے رنگ روڈ پر ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جا سکے۔ نادرن بائی پاس کو بھی جلد مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

تجاوزات کے خلاف کارروائی کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کا فارم ہاؤس بھی تجاوزات پر قائم ہے تو انتظامیہ اسے گرا سکتی ہے، انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جن افراد نے سرکاری یا عوامی اراضی پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، وہ خود انہیں ہٹا دیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پشاور میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے قتل کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے بھانجے بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

Related posts

عراق کا امریکا کو ایران پر حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے انکار

بلوچستان سے اہلِ علم کا انخلا، 100 سے زائد سکالرز چلے گئے، کیا صوبہ تعلیمی زوال کی طرف بڑھ رہا ہے

صوابی میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق ڈسٹرکٹ کونسلر ارشد محمد فائرنگ سے قتل