عراق کا امریکا کو ایران پر حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے انکار

بغداد (پاک ٹوڈے): عراق نے امریکا کو ایران کے خلاف ممکنہ فوجی حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

عراقی وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم علی الزیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو میں واضح کیا کہ پڑوسی ممالک پر حملوں کے لیے عراقی سرزمین کو فوجی اڈے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

عراقی وزیر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ عراق کسی جنگ کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں، جبکہ ایران پر حملوں کے نتائج عراق کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے نئے امریکی اور اسرائیلی حملوں کی صورت میں جوابی کارروائیوں کا دائرہ یورپ تک بڑھانے کی دھمکی دی ہے۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ حسین علی حاجی دلیگانی کا کہنا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ حملے کیے گئے تو تہران ایسے میزائل استعمال کرسکتا ہے جن کی پہنچ یورپی ممالک تک ہے۔

سابق ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی برادری کو سمجھنا ہوگا کہ ایران خطے کا ایک اہم ملک ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ اجتماعی سلامتی یا اجتماعی عدم تحفظ میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات نے واضح کردیا ہے کہ علاقائی سلامتی کسی ایک ملک کا انفرادی معاملہ نہیں، بلکہ سلامتی یا تو سب کے لیے ہوگی یا کسی کے لیے بھی نہیں۔

Related posts

وفاق نے خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا، گورنر فیصل کریم کنڈی

بلوچستان سے اہلِ علم کا انخلا، 100 سے زائد سکالرز چلے گئے، کیا صوبہ تعلیمی زوال کی طرف بڑھ رہا ہے

صوابی میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق ڈسٹرکٹ کونسلر ارشد محمد فائرنگ سے قتل