امریکی ایوانِ نمائندگان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد مسترد کر دی

واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی ایوانِ نمائندگان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش روک دی ہے۔ ایوان نے ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو عدالتی امور کی کمیٹی کے سپرد کرنے کے حق میں 211 اور مخالفت میں 204 ووٹ دیے، جس کے نتیجے میں موجودہ کانگریس میں مواخذے کی کارروائی آگے بڑھنے کا راستہ بند ہوگیا۔

کینٹکی سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکن تھامس میسی نے ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کے لیے آٹھ نکات پر مشتمل قرارداد پیش کی تھی۔ ان میں ایران کے خلاف کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگی کارروائی، فوجی آپریشنز میں اختیارات کے مبینہ غیر قانونی استعمال، کیریبین سمندر میں منشیات کی اسمگلنگ کے شبہے میں کشتیوں پر حملوں کے دوران ماورائے عدالت ہلاکتیں، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری اور امریکی سینیٹر مارک کیلی کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائی جیسے الزامات شامل تھے۔ قرارداد میں یمن میں امریکی فوجی کارروائیوں کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔

ووٹنگ میں 210 ریپبلکن ارکان اور ایک آزاد رکن نے قرارداد کو کمیٹی کے سپرد کرنے کی حمایت کی، جبکہ تمام 203 ڈیموکریٹ ارکان اور تھامس میسی نے اس اقدام کی مخالفت کی۔ یوں میسی اپنی ہی جماعت کے واحد رکن تھے جنہوں نے قرارداد کو کمیٹی بھیجنے کے خلاف ووٹ دیا۔

ووٹنگ سے قبل پینٹاگون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی کوشش کو سیاسی تماشا اور ذاتی مخالفت کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرارداد میں شامل الزامات فوجی کارروائیوں اور پالیسی سے متعلق اختلافات ہیں، جنہیں مواخذے کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے تمام فوجی آپریشنز کو قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ہیگسیتھ کی حمایت کی اور ووٹنگ کے نتیجے کو ان کے لیے کامیابی قرار دیا۔ وائٹ ہاؤس نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فوجی کارروائیوں کے حوالے سے صدر کو آئینی اختیارات حاصل ہیں اور اس نوعیت کے پالیسی اختلافات مواخذے کے قابل جرائم نہیں بنتے۔

یہ قرارداد موجودہ کانگریس میں ہیگسیتھ کے مواخذے کی دوسری کوشش تھی۔ اس سے قبل بھی تھامس میسی نے یہ معاملہ ایوان میں اٹھانے کی کوشش کی تھی، تاہم کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔

دوسری جانب ڈیموکریٹ رہنماؤں نے عندیہ دیا ہے کہ جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد وہ ہیگسیتھ کے خلاف معاملے کو دوبارہ اٹھا سکتے ہیں۔ تاہم تازہ ووٹنگ کے بعد موجودہ کانگریس میں ان کے مواخذے کی کوشش مؤثر طور پر رک گئی ہے۔

Related posts

کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر مسلح افراد کا حملہ، 10 اہلکار مارے گئے

ایران نے ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا

ایران امریکا تنازع کے اثرات، خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 32 فیصد کمی