تہران (پاک ٹوڈے): ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خلیجی ریاستوں کو شدید نتائج کی خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خطے میں امریکی افواج کو کسی بھی قسم کی لاجسٹک یا عسکری معاونت فراہم کرنا ایران کے خلاف براہِ راست جنگ میں شمولیت سمجھا جائے گا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق چیف آف اسٹاف نے ان علاقائی ممالک کے بیانات کو مسترد کر دیا جو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی انٹیلی جنس خطے کی ہر نقل و حرکت پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور خلیجی اڈوں پر اتنی بڑی تعداد میں امریکی جنگی طیاروں اور فضا میں ایندھن بھرنے والے ری فیولنگ طیاروں کی موجودگی میزبان ممالک کی باضابطہ اجازت کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی مسلح افواج کو فراہم کی جانے والی کوئی بھی سہولت ایران سے دشمنی اور عسکری شراکت داری شمار ہوگی، اور اس فیصلے کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری خود ان میزبان ممالک پر عائد ہوگی۔