الجزائر (پاک ٹوڈے): الجزائر نے متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ الجزائری حکام کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان کئی برسوں سے جاری کشیدگی اور الجزائر کے داخلی و علاقائی امور میں ابوظہبی کی مبینہ مداخلت کے باعث کیا گیا۔
الجزائر کے سرکاری ٹیلی وژن نے وزارتِ خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات برقرار رکھنے اور اختلافات کے حل کے لیے کی جانے والی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران الجزائر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف معاملات پر اختلافات اور کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل متاثر ہوتے رہے۔
الجزائری حکام نے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے فیصلے کو ملک کے داخلی معاملات اور علاقائی مفادات کے تحفظ سے جوڑا ہے۔