دوشنبہ/کابل (پاک ٹوڈے): افغان صوبے بدخشان میں طالبان فورسز اور مقامی کمانڈر جمعہ خان کے ملیشیا کے درمیان جاری شدید جھڑپوں سے تاجکستان کی سرحدی حدود متاثر ہوئی ہیں، جس پر تاجک وزارتِ خارجہ نے افغان حکومت کو باقاعدہ احتجاجی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
تاجک وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق افغان سائیڈ سے فضائی حدود کی خلاف ورزی اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں تاجکستان کے سرحدی علاقے میں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ایک نوجوان تاجک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ تاجک حکام نے کابل انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس نوعیت کے غیر ذمہ دارانہ اور یکطرفہ اقدامات سے فوری طور پر گریز کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے افغانستان کے صوبے بدخشان میں افغان فورسز اور کمانڈر جمعہ خان کے مسلح جنگجوؤں کے درمیان کھلی جنگ جاری ہے، جس میں گزشتہ روز افغان ایئر فورس کے جیٹ طیاروں نے بھی بمباری میں حصہ لیا تھا۔