اسپین میں سیاسی بحران، وزیراعظم پیدرو سانچیز کا قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان

میڈرڈ (پاک ٹوڈے): اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے باعث 29 نومبر کو قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

قومی خطاب میں پیدرو سانچیز نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں ترقی پسند اکثریت حاصل کرنے کے لیے عوامی مینڈیٹ کی تجدید چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی حمایت دوبارہ حاصل کرنے اور پارلیمنٹ میں ایسی اکثریت حاصل کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے سماجی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جاسکے۔

اسپین کے وزیراعظم نے حکومت کی بعض غلطیوں اور انتخابی وعدے پورے نہ کر پانے کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ عوام کی ایک بڑی تعداد حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔

قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے حکومت کے اہم ہاؤسنگ قوانین کو منقسم پارلیمنٹ نے مسترد کردیا تھا، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں بڑے احتجاج بھی ہوئے تھے۔

پیدرو سانچیز فلسطینی ریاست کی حمایت اور تارکین وطن کے حقوق کے حوالے سے اپنے مؤقف کے باعث بھی بین الاقوامی سطح پر نمایاں رہے ہیں۔ انہوں نے دفاعی اخراجات کو مجموعی ملکی پیداوار کے 5 فیصد تک بڑھانے کے امریکی مطالبے کی مخالفت کی ہے، جبکہ چین کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کا سامنا کرچکے ہیں۔

سانچیز کی حکومت تارکین وطن کو اسپین کی معیشت کے لیے اہم قرار دیتی رہی ہے۔ ان کے مطابق تارکین وطن تعمیرات، زراعت، ہوٹل اور ریسٹورنٹ سمیت مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ملکی فلاحی نظام کے لیے آمدنی پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔

Related posts

فلائی دبئی کے شریک پائلٹ کو سزائے موت دینے کا فیصلہ، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

نانٹکیٹ کے قریب لاپتا طبی امدادی طیارے کا ملبہ مل گیا، 6 افراد کی تلاش جاری

برطانوی فیئرفورڈ ایئربیس سے امریکا نے تمام B-1 بمبار طیارے واپس بلا لیے