یمن (پاک ٹوڈے): یمن میں سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے جمعے کے روز بحیرۂ احمر کی اہم بندرگاہ الحدیدہ اور اس کے اطراف موجود شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق مشترکہ افواج کی کمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر فراہم کردہ نقشے میں نشاندہی کردہ علاقے سے نکل جائیں۔
اس اعلان کے بعد یمن کے حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر سعودی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو جدہ سمیت بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع دیگر سعودی بندرگاہوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
حوثی ترجمان نے بندرگاہوں پر کام کرنے والے ملازمین، مزدوروں اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو ان مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی، جبکہ شپنگ کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے جہاز اور کشتیاں بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں سعودی اتحاد اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ الحدیدہ بندرگاہ یمن کے لیے خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔