اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی دارالحکومت کے اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران انتظامی افسر اور پولیس اہلکار کے درمیان بدحواسی اور تلخ کلامی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بغیر ٹکٹ داخلے کی کوشش پر پیدا ہونے والے تنازع کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مجسٹریٹ سہالہ اپنے ہمراہ آئے متعدد افراد کے ساتھ بغیر ٹکٹ کنسرٹ ہال میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ موقع پر تعینات پولیس اہلکار نے قانون اور سیکیورٹی ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے بغیر پاس یا ٹکٹ کے آنے والے افراد کو روک دیا، جس پر دونوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور صورتحال کشیدہ ہو گئی۔
واقعے کی سنجیدگی کا ادراک کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے فوری نوٹس لیا اور ضلعی انتظامیہ کو غیر جانبدارانہ تحققیات شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کو واقعے کی مکمل اور شفاف انکوائری کا ذمہ سونپ دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ملوث اور ذمہ دار افراد کے خلاف بلا تفریق قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔