اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسلام آباد میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایک سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی مبینہ تشدد سے موت کے معاملے میں پولیس نے افسر کی اہلیہ اور بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری کو گرفتار کرلیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں بچی کے والد اصغر علی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جن کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق 13 سالہ فاطمہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون میں رہائش پذیر تھی اور ایک مدرسے میں حفظ قرآن کی تعلیم بھی حاصل کررہی تھی۔
والد کو پہلے اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم بعدازاں انہیں بچی کے انتقال کی خبر دی گئی۔ والد نے بیٹی کی لاش کا معائنہ کیا تو اس کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے، جس کے بعد انہوں نے پوسٹ مارٹم اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔
مقدمے میں نامزد پولیس افسر محمد بن اشرف کی اہلیہ افشاں اور گھر میں بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری علی کو گرفتار کرکے جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے چار روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔
دوسری جانب سینئر پولیس افسر محمد بن اشرف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بچی کافی عرصے سے ان کے گھر رہ رہی تھی اور واقعے کے وقت وہ ملک سے باہر تھے۔ ان کے مطابق واقعے کا علم ہونے پر انہوں نے خود پولیس سے رابطہ کیا اور قانون کے مطابق شفاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ پولیس افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچوں کو دینی تعلیم دینے کے لیے گھر آنے والا قاری بھی بچی کو مارتا پیٹتا تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طبی معائنے میں بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مکمل تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
