اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں کو نقصان پر 20 لاکھ روپے تک جرمانہ

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور سرویلینس انفراسٹرکچر کے تحفظ سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت کیمروں یا نگرانی کے نظام کو نقصان پہنچانے پر 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔

ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر آرڈیننس کی منظوری دی۔ قانون کے تحت سیف سٹی کیمروں یا سرویلینس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے، نقصان پر اکسانے یا اس کی ترغیب دینے پر مالی جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔

آرڈیننس کے مطابق جلسے، جلوس، دھرنے، احتجاج، ہڑتال یا کسی بھی اجتماع کے دوران سیف سٹی کیمروں یا سرویلینس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کی صورت میں منتظمین کو بھی نقصان کا ذمہ دار قرار دیا جاسکے گا۔

نقصان کی صورت میں جرمانے اور نقصان کی لاگت کا تعین مجاز افسر متعلقہ شخص کو شنوائی کا موقع فراہم کرنے کے بعد کرے گا۔

متعلقہ شخص کو جرمانے یا نقصان کی لاگت کے تعین کے خلاف 30 دن کے اندر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کے سامنے اپیل کا حق حاصل ہوگا۔

آرڈیننس کے تحت جرمانے یا نقصان کی مقررہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے اراضی کے محصول کے بقایا جات کے طور پر وصول کیا جاسکے گا، جبکہ جرمانے اور نقصان کی مد میں حاصل ہونے والی رقم سیف سٹی کیمروں اور سرویلینس انفراسٹرکچر کی مرمت اور تبدیلی پر خرچ کی جائے گی۔

یہ قانون ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد میں سیاسی احتجاج کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے ابتدائی طور پر 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ دی تھی، تاہم خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق مارچ اب 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔

لانگ مارچ کے اعلان کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں پر کنٹینرز رکھنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق مئی 2023، اکتوبر 2024 اور نومبر 2024 کے احتجاج کے دوران سیف سٹی کے سینکڑوں کیمروں کو نقصان پہنچا تھا۔ نئے آرڈیننس کے ذریعے سیف سٹی کیمروں اور دیگر نگرانی کے نظام کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

Related posts

لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، مطلوب شدت پسند کمانڈر منظور مارا گیا

مستونگ: نامعلوم افراد نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا

شمالی کوریا کی ڈرونز اور میزائلوں کے امتزاج سے ’سوارم حملوں‘ کی مشقیں