اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان کے دارالحکومت کی پولیس 20 ستمبر کے جماعت اسلامی اور 27 ستمبر کے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لیے تیاریاں کر رہی ہے۔
کیپیٹل سٹی کی پولیس اور انتظامیہ نے اس حوالے سے ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اس وقت 600 کنٹینرز شہر میں موجود ہیں جبکہ ٹارگٹ ایک ہزار کنٹینرز کا رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کے اطراف میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے، ڈی چوک سے ریڈ زون انٹری کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
کنٹینرز کے اندر اور باہر مٹی کی ڈھیریاں بھی رکھی جائیں گی، تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے جبکہ رینجرز، اینٹی رائٹ فورس بھی تعینات کی جائے گی۔ دوسرے شہروں سے نفری 20 ستمبر کے بعد بلائی جائے گی، 40 فٹ کے کنٹینرز کا یومیہ کرایہ 20 ہزار روپے ہے۔ 26 نومبر 2025 کے پی ٹی آئی لانگ مارچ کو روکنے کے حفاظتی اقدامات پر 17 کروڑ روپے خرچہ آیا تھا، اس بار بھی اتنا ہی بجٹ رکھا گیا ہے۔
