تل ابیب (پاک ٹوڈے): اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو پارلیمنٹ میں بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے، جہاں اپوزیشن نے اکثریت کی حمایت سے نیا اسپیکر منتخب کرا لیا، جس کے بعد قانون سازی کے معاملات میں بھی اپوزیشن کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشار سے تعلق رکھنے والے متان کہانا کو نیا اسپیکر منتخب کرلیا۔ انہیں 66 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے امیدوار اوفیر کاٹز کو 52 ووٹ ملے۔ متان کہانا نے نیتن یاہو کی جماعت کے امیر اوہانا کی جگہ لی ہے۔
یہ پیش رفت 27 اکتوبر کے انتخابات میں نیتن یاہو کے پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد اپوزیشن کا پہلا بڑا سیاسی اقدام ہے۔ 120 رکنی کنیسٹ میں نیتن یاہو کے دائیں بازو اور مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو 53 نشستیں حاصل ہیں، جبکہ اپوزیشن 67 نشستوں کے ساتھ اکثریت رکھتی ہے۔
اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کو صدر اسحاق ہرزوگ نے نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اگرچہ حکومت سازی کے لیے انہیں سیاسی مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اسپیکر اور اہم پارلیمانی کمیٹیوں کے عہدے حاصل کرنے کے بعد اپوزیشن نے قانون سازی کے ایجنڈے پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔
اپوزیشن نے نیتن یاہو حکومت کی سابقہ عدالتی اصلاحات ختم کرنے، اٹارنی جنرل کے اختیارات محدود کرنے والے قوانین واپس لینے اور میڈیا پر حکومتی کنٹرول بڑھانے سے متعلق قانون سازی منسوخ کرنے کے لیے اقدامات بھی شروع کردیے ہیں۔
اس کے علاوہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے دوران ہونے والی سکیورٹی ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے سرکاری کمیشن قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے نئے اسپیکر کے انتخاب پر تنقید کرتے ہوئے اسے کنیسٹ کی تاریخ کا افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔ جماعت نے الزام عائد کیا کہ متان کہانا کو دہشت گردوں کے حامی ارکان کی حمایت سے منتخب کرایا گیا۔