کابل (پاک ٹوڈے): افغان دارالحکومت کابل میں پولیس کے خصوصی دستوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران تین ملزمان مارے گئے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق یہ افراد تقریباً تین ہفتے قبل افغان یونائیٹڈ بینک کی گاڑی پر حملے اور بینک کے دو ملازمین کے قتل میں ملوث تھے۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق کارروائی کابل کے 11ویں سکیورٹی زون کے علاقے 315 میں کی گئی، جہاں پولیس کے خصوصی دستوں کے ساتھ جھڑپ میں تینوں ملزمان مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد نے تقریباً تین ہفتے قبل کابل کے علاقے لیسی مریم میں افغان یونائیٹڈ بینک کی گاڑی پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں بینک کے دو ملازمین قتل ہوئے اور ملزمان کچھ رقم لے کر فرار ہوگئے تھے۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق یہ گروہ صوبہ بغلان میں بھی ایک شخص کے قتل میں ملوث تھا۔
وزارت نے مزید بتایا کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل اسی گروہ کے سات دیگر ارکان کو بھی گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔