کراچی (پاک ٹوڈے): شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں شاہ لطیف تھانے کی حدود میں قائد آباد موبائل مارکیٹ کے قریب چار مسلح ملزمان ایک تاجر سے 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
صدر کراچی الیکٹرونکس مارکیٹ عرفان رضوان کے مطابق متاثرہ تاجر منیر خان عرف منا، صدر موبائل مارکیٹ عبداللہ ہارون روڈ سے موبائل فون خرید کر واپس جا رہے تھے کہ قائد آباد موبائل مارکیٹ کے قریب چار مسلح ملزمان نے انہیں روک لیا اور قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ تاجر نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ملزمان مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فون لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی وہ ڈکیتی کی وارداتوں کا نشانہ بن چکے ہیں، تاہم گزشتہ واقعات میں بھی لوٹا گیا سامان برآمد نہیں ہوسکا۔
عرفان رضوان کے مطابق واقعے کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے دی گئی ہے جبکہ اعلیٰ پولیس حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ تاجر سے چھینے گئے موبائل فونز کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ آئی ایم ای آئی نمبرز موصول ہونے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔