عمان (پاک ٹوڈے): اردن کے جنوبی صوبے کرک میں چرچ میں جنازے کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 7 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، جن میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق واقعہ جمعے کے روز حمود چرچ میں پیش آیا، جہاں بڑی تعداد میں افراد جنازے میں شریک تھے۔ ایک سیکیورٹی ذریعے نے اردن کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
عینی شاہد کے مطابق حملہ آور ایک گاڑی میں آئے اور چرچ میں موجود افراد پر تقریباً پانچ منٹ تک فائرنگ کرتے رہے، جس کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعے کے وقت چرچ کے اندر اور باہر تقریباً 150 سے 200 افراد موجود تھے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے چرچ اور اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ کرائم سین یونٹ اور متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
اردن کے وزیر مملکت برائے حکومتی ابلاغ محمد المومنی کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے تاحال حملے کے محرکات یا کسی تنظیم کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی۔