پشاور (پاک ٹوڈے): ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد خیبرپختونخوا میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کی یونین کونسل جانباز-بی میں 13 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ ضلع خیبر سے رواں سال رپورٹ ہونے والا دوسرا کیس ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہونے والے 6 کیسز میں ضلع بنوں سے 3، خیبر سے 2 اور شمالی وزیرستان سے ایک کیس شامل ہے۔ سال 2026 میں اب تک ملک بھر میں پولیو کے مجموعی طور پر 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 6 خیبرپختونخوا اور 2 سندھ سے ہیں۔
محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔
