لاہور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کو سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دے دی ہے، جبکہ فلور ملوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں صوبے میں سستے آٹے کی فراہمی اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلور ملوں کو 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جانے والی سبسڈائز سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ نے باقاعدہ منظوری دے دی۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام تک سستا آٹا اور گندم پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے، اس لیے حکومت کی ترجیح ہے کہ شہریوں کو بنیادی غذائی ضروریات مناسب قیمتوں پر میسر ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو سستے آٹے اور روٹی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
