راولپنڈی (پاک ٹوڈے): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی استحکام، جموں و کشمیر کے تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی سمیت مختلف امور بھی زیر بحث آئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امن، استحکام اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
