ریاض (پاک ٹوڈے): حوثی حملوں کے تناظر میں ترکی نے سعودی عرب کے دفاع کے لیے اپنی فوجی معاونت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آنے والے ہفتوں میں اضافی فوجی اہلکار، تکنیکی ماہرین، فضائی دفاعی نظام اور دیگر دفاعی سازوسامان سعودی عرب بھیجے جانے کا امکان ہے۔
ترک حکام کے مطابق حوثیوں کے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے نمٹنے کے لیے تجربہ کار پائلٹس اور طیارے بھی سعودی عرب میں تعینات کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ترکی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق سعودی عرب میں کم از کم ایک کمانڈ بیس پر ترک فوجی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جہاں وہ سعودی عرب کو دفاعی معاونت فراہم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محدود تعداد میں ترک خصوصی دستوں کی سعودی عرب میں تعیناتی کے لیے ترک پارلیمان کی منظوری درکار ہوگی۔ اس منظوری کے رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔
ترکی کی جانب سے دفاعی تعاون میں اضافے کی یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کو حوثیوں کی جانب سے ڈرونز اور بیلسٹک میزائل حملوں کے خطرے کا سامنا ہے۔
