ملاکنڈ ڈویژن (پاک ٹوڈے): ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری نے مختلف وفاقی ٹیکسوں کے نفاذ اور علاقے کی آئینی و خصوصی حیثیت کی بحالی کے مطالبے پر 7 اکتوبر کو چکدرہ موٹروے، سوات موٹروے، ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے رہنماؤں کے مطابق احتجاج پرامن ہوگا اور چکدرہ انٹرچینج کے مقام پر موٹروے بند رکھی جائے گی۔ تاجر رہنماؤں نے عوام سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی ہے۔
تاجر برادری کا مؤقف ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ 2026-27 میں یکم جولائی سے ٹیکس استثنیٰ ختم کیے جانے کے بعد انکم ٹیکس، کسٹمز ایکٹ اور سیلز ٹیکس سمیت مختلف وفاقی ٹیکسز نافذ کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت نے صوبائی ٹیکسوں میں کچھ رعایت دی ہے، تاہم وفاقی ٹیکسوں کا معاملہ بدستور حل طلب ہے۔
تاجر برادری، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن معاشی مشکلات، قدرتی آفات اور ماضی کے عدم استحکام کے باعث اضافی ٹیکسوں کا بوجھ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
تاجر رہنماؤں کے مطابق مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، جس میں بجلی اور گیس کے بلز کی ادائیگی روکنے جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔
