کابل (پاک ٹوڈے): افغان وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح کا افغان فوجی وفد روس کی دعوت پر سٹریٹیجک فوجی مشق ’سینٹر 2026‘ میں شریک ہوا ہے۔
افغان وزارتِ دفاع کے مطابق وفد کی قیادت جوائنٹ ملٹری ٹریننگ کمانڈ کے سربراہ عبداللہ بن مسعود نے کی۔ وفد نے روس میں ہونے والی فوجی مشق اور اس سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ افغان وفد کو روسی فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ دعوت دی گئی تھی، جبکہ دورے کا مقصد فوجی تربیت، پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے اور دفاعی شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
بیان کے مطابق افغان وفد نے فوجی مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا اور اس میں شریک ممالک کے فوجی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
’سینٹر 2026‘ روس کی بڑی سٹریٹیجک فوجی مشقوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں مختلف ممالک کے فوجی وفود اور دستے شرکت کرتے ہیں۔
