واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی صورتحال بہت خراب ہے اور انہیں معلوم نہیں کہ ایران اس وقت ہتھیار ڈالنے والا ہے یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں برتری رکھتا ہے اور وہ اس برتری کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
ایران کی صورتحال سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ حالات بہت خراب ہیں اور یہ واضح نہیں کہ ایران ہتھیار ڈالنے والا ہے یا نہیں۔
ٹرمپ نے شمالی کوریا کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ موجود ہیں، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان ٹھیک رہیں گے۔
امریکی صدر نے ٹیکنالوجی حکام کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک دستاویز پر بھی دستخط کیے۔ انہوں نے اسے تحفظ کی ایک شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی کے شعبے کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ رہنما خود احتسابی کے عمل کو سمجھتے ہیں اور اس حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے موزوں مقامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے بقول جن علاقوں میں ڈیٹا سینٹرز تعمیر کیے جائیں گے، وہاں مقامی لوگوں کو مالی طور پر نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
