لاہور (پاک ٹوڈے): پولیس نے آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں نامزد 3 ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز ذیشان رضا کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں آذربائیجان کی شہری خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ بھی کرایا گیا، جس میں زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے مجاز عدالت میں پیش ہو کر اپنا دفعہ 164 کا بیان بھی ریکارڈ کرا دیا ہے۔
خیال رہے کہ آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی خاتون نے اتوار کو لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون باکو کی رہائشی ہیں اور تقریباً 15 سے 20 روز قبل کاروباری سلسلے میں پاکستان آئی تھیں۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ 25 ستمبر کو رات 11 بجے سے 12 بجے کے درمیان 2 نامعلوم لڑکیاں ان کے پاس آئیں اور انہیں ڈنر کے بہانے ایک نامعلوم کیفے میں لے گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
