کراچی (پاک ٹوڈے): ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں سنگین ڈکیتیوں اور لوٹ مار میں ملوث انتہائی مطلوب 4 رکنی ڈکیت گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، نقد رقم اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹی گیشن توحید رحمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت سلمان، مجاہد، حمزہ اور اللہ نور کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ گروہ بالخصوص کراچی کے اضلاع ساؤتھ اور ایسٹ میں متحرک تھا اور سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے 21 اگست کو کلفٹن میں واقع ایک ٹائل شوروم کے مالک سے 40 لاکھ روپے چھینے اور فرار ہو گئے تھے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے سال 2023 میں بھی اسی شوروم مالک سے 20 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹی تھی۔
ایس ایس پی توحید رحمان کا کہنا تھا کہ گروہ کا سرغنہ ملزم حمزہ ہے، جس کے خلاف 2022 میں تھانہ مبینہ ٹاؤن میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا اور وہ جیل بھی جا چکا ہے۔ جیل سے رہائی کے بعد حمزہ نے ایک نیا ڈکیت گروہ تشکیل دیا اور ریکی و وارداتوں کے لیے ایک خاتون ملزمہ کو بھی اپنے ساتھ ملا رکھا تھا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
