کراچی (پاک ٹوڈے): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ٹرانسپورٹرز کے اخراجات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، جس کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی ناقابل قبول ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 40 دن کا وقت مانگا تھا، جس کی مدت آئندہ ہفتے مکمل ہونے جارہی ہے۔ 40 روز مکمل ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے بھی پیٹرولیم لیوی کے خلاف 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کے شعبے پر اضافی مالی بوجھ پڑنے اور اس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
