پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلی گئی زلمی مدرسہ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا فائنل انوینسیبلز نے جیت لیا۔ فیصلہ کن مقابلے میں انوینسیبلز نے ایگلز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
فائنل میں ایگلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔ مبین نے 33 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ جواب میں انوینسیبلز نے بہار علی کے 65 اور نوید عالم کے 26 رنز کی بدولت 7 اوورز میں 114 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 مدارس کی ٹیموں نے شرکت کی، جس کا مقصد مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ مثبت سرگرمیوں اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
اختتامی تقریب میں مہمانانِ خصوصی مولانا طیب قریشی، ثمر ہارون بلور اور میاں عباس لائق نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر مقررین نے جاوید آفریدی کے وژن کے تحت پشاور زلمی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ مذہبی رواداری، اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام بھی دے رہی ہے۔
