کابل (پاک ٹوڈے): افغان صوبے بغلان کے اضلاع نہرین اور خوست میں افغان حکومت کی اسپیشل فورسز کے ایک کامیاب آپریشن کے دوران مخالف گروپ کے 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں دو اہم ملٹری کمانڈر بھی شامل ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات ضلع نہرین کے کوہ گدائے کے علاقے ‘چہار سائ’ میں افغان فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی کی۔ اس کارروائی میں مخالف گروپ کے دو اہم کمانڈر، کمانڈر شمس (عرف خرابات) اور کمانڈر بابہ مارے گئے۔ کمانڈر شمس نہرین، بورکہ اور جلگہ اضلاع کا ملٹری انچارج تھا، جسے کمانڈر صمد اور کمانڈر ظفر کی ہلاکت کے بعد اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ، گولا بارود اور نائٹ ویژن دوربینیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
دوسری جانب صوبہ بغلان کے ضلع خوست کی وادی ‘فرغامبول’ میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران مزید 2 افراد ہلاک کر دیے گئے جو تخریبی کارروائیوں کی منصوبندی کر رہے تھے۔ مبصرین کے مطابق حسیب قوائے مرکز کی ہلاکت کے بعد بغلان میں مخالفین کی سرکوبی کے لیے یہ آپریشن ایک بڑا اور کاری وار تصور کیا جا رہا ہے۔
