اورکزئی (پاک ٹوڈے): اپر اورکزئی کی وادیٔ تیراہ کے علاقے سیفل درہ میں سیکیورٹی فورسز کے کواڈ کاپٹر ڈرون نے ڈاٹسن گاڑی کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق کواڈ کاپٹر نے سیفل درہ میں موجود گاڑی کو اچانک ہدف بنایا، جس کے باعث گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور قریب موجود دو بچے زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے زخمی بچوں کو علاج کے لیے قریب کے طبی مرکز منتقل کر دیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور تشویش پھیل گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع یا عسکری حکام کی جانب سے حملے کی نوعیت اور کواڈ کاپٹر کی ملکیت یا شناخت سے متعلق اب تک کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم سیکیورٹی ذرائع کا، دعوی ہے کہ گاڑی کو مشکوک سمجھ کر ان پر حملہ کیا گیا۔
