اسلام آباد ( پاک ٹوڈے): بانی تحریک انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پر تحریک انصاف کی قیادت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ملاقاتوں اور طبی صورتحال سے متعلق واضح معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت اور سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں ہوگی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بانی چیئرمین عمران خان کی صحت کے معاملے کو سیاسی مفاد کے لیے استعمال نہیں کرتی۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بحال ہونے کی صورت میں موجودہ تشویش بھی دور ہوجائے گی۔
پی ٹی آئی قیادت کا مؤقف ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق درست صورتحال جاننے کے لیے ان کے وکلا اور پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے، تاکہ افواہوں کے بجائے براہ راست معلومات سامنے آسکیں۔
