لاہور (پاک ٹوڈے): دارالحکومت لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کنال روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ المناک حادثہ شدید تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ تیز رفتار کار نے سڑک پر موجود دو راہگیروں کو کچل دیا جبکہ گاڑی میں سوار تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 15 سالہ مزمل، 18 سالہ نعمان، 20 سالہ عبدالرحمن، 17 سالہ فرقان اور 19 سالہ جنید کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور تمام جاں بحق افراد کی لاشوں کے ساتھ زخمی بچے کو فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں بچے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
