ینگون (پاک ٹوڈے): میانمار میں فوج کی جانب سے مختلف علاقوں میں کیے گئے تین فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ گزشتہ تین روز کے دوران فضائی بمباری سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 60 سے تجاوز کرگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار کی فوج نے شمال مشرقی علاقے موئے بائے میں شادی کی ایک تقریب کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ مغربی ریاست راکھین میں بھی دو مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے گئے، جن میں متعدد افراد مارے گئے۔
جلاوطن نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی میانمار میں جمعرات کو کیے گئے ایک فضائی حملے میں بھی 29 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ میانمار میں 2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے فوج اور مخالف مسلح قوتوں کے درمیان خانہ جنگی جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔
تنازعات پر نظر رکھنے والے ادارے اے سی ایل ای ڈی (ACLED) کے مطابق میانمار کی خانہ جنگی میں مختلف فریقوں کے درمیان جاری لڑائی کے نتیجے میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
یہ فضائی حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایک ہفتہ قبل ایک بین الاقوامی عدالت نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف 2017 کی کارروائی سے متعلق نسل کشی کے الزامات پر اہم قانونی فیصلہ سنایا تھا۔
