اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس کا آغاز اسلام آباد میں ہوگیا ہے، جس میں تینوں ممالک کی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت شرکت کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے عسکری سربراہان، وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور انٹیلی جنس چیفس شریک ہیں۔ کمیٹی میں تینوں ممالک کی جانب سے دو، دو نمائندے شامل ہیں۔
اجلاس میں مشترکہ دفاعی معاہدے کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود بھی شریک ہیں، جو انتظامی اور ادارہ جاتی رابطوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اس سے قبل دو اجلاس سعودی عرب اور ترکیے میں منعقد ہوچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اجلاس میں دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور سعودی عرب و یمن کے درمیان جاری جنگ سمیت اہم امور زیر غور آئیں گے۔
اس کے علاوہ شام کی مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کے امکان اور معاہدے کے حتمی نام پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
