پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی 44 ہزار 747 اسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں صوبے کے مزید ڈیڑھ ہزار سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی۔
گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور صوبائی ایڈوائزر برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ کو محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر خصوصی بریفنگ دی گئی، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اساتذہ کی ہزاروں خالی اسامیوں کے باعث متعدد سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے۔ کئی اسکولوں میں ایک یا دو اساتذہ تمام کلاسوں کو پڑھانے پر مجبور ہیں، جبکہ بعض تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کے باعث مختلف مضامین کی تدریس مکمل نہیں ہو پا رہی۔
حکام کے مطابق اساتذہ کی ای ٹرانسفر پالیسی پر بھی نظرِ ثانی کی گئی ہے، جس کا مقصد تبادلوں کے عمل کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور آسان بنانا اور سیاسی مداخلت و سفارش کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے میں صوبے کے ڈیڑھ ہزار سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد کم کارکردگی والے اسکولوں کے انتظامی امور بہتر بنانا اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اساتذہ کی خالی اسامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر صوبے کی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کیا جائے اور اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے منصوبے میں شفافیت یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے ثمرات براہ راست طلبہ تک پہنچ سکیں۔
