اسلام آباد (پاک ٹوڈے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ اور پنجاب حکومت کے اقدامات پر قائدین کو تفصیلی بریفنگ دی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پُرامن اسٹریٹ موومنٹ کو سراہا اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں اور جمہوری آوازوں کے خلاف اقدامات کی شدید مذمت کی۔
قائدین کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال جمہوری اقدار اور آئینی آزادیوں کے منافی ہے۔ ملاقات میں 27 ستمبر کے مارچ اور آئندہ کی سیاسی و جمہوری حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ 27 ستمبر کا مارچ مکمل طور پر پُرامن، آئینی اور جمہوری ہوگا، عوام اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے لیے 27 ستمبر کو سڑکوں پر نکلیں گے، صوبوں کے آئینی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کے تحفظ اور عوام کے مینڈیٹ کے احترام کے لیے جمہوری قوتوں کا متحد ہونا ضروری ہے، آئین اور جمہوری اصولوں کے دفاع کے لیے واضح اور مؤثر سیاسی کردار ناگزیر ہے۔
