کراچی (پاک ٹوڈے): شہر قائد میں ڈکیتی کی بڑی واردات کے دوران قائد آباد شاپنگ سینٹر میں تین مسلح ڈاکو موبائل فون کی دکان سے 169 موبائل فون اور 8 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق واردات صبح تقریباً 4 بجے پیش آئی، جہاں مسلح ملزمان نے شاپنگ سینٹر کے چوکیدار کو یرغمال بنایا اور ایف کیو موبائل نامی دکان سے قیمتی موبائل فون اور نقد رقم لوٹ لی۔
ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے بتایا کہ قائد آباد میں اس سے قبل بھی ایک موبائل فون ڈیلر سے 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوچکی ہے، تاہم سابقہ واردات میں ملوث ملزمان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
انہوں نے علاقے میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل وارداتوں کے باعث تاجروں میں عدم تحفظ، بے چینی اور اشتعال بڑھ رہا ہے، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ واردات کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور تاجروں کے نقصان کا ازالہ کرایا جائے۔
