اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا تصادم چاہتے ہیں اور انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا افغانستان اور طالبان کے ساتھ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا احتجاج کوئی اتنی بڑی بات نہیں، معمولی ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں، تاہم ان کی جماعت کے لوگ بھی انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ تصادم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں، انہیں ایک قدم پیچھے ہٹ کر معاملات کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر راستے بند نہ کیے جائیں تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔
عطا تارڑ نے مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پرویز مشرف کا لیگل فریم ورک آرڈر منظور کرانے والے مولانا آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین آج کل زیادہ غصے کا اظہار کر رہے ہیں، انہیں ریفرنڈم کے خوف میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں ہے؟
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں قانونی دلائل دینے چاہئیں۔ ان کے بقول بلاول سیاسی دلیل کی جگہ قانونی اور قانونی دلیل کی جگہ سیاسی مؤقف پیش کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اختلافات ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تعلقات ختم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں سے متعلق معاملہ پارلیمان میں آیا تو پاکستان تحریک انصاف سے بھی اس حوالے سے رائے لی جا سکتی ہے۔
