تہران (پاک ٹوڈے): ایران کی جانب سے امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کے لیے ’’لائن بریکر‘‘ نامی ایک بڑے آئل ٹینکر کو بحیرۂ عمان کی جانب روانہ کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، تاہم دستیاب سیٹلائٹ تصاویر میں اس جہاز کی نقل و حرکت کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ جہازوں کے خودکار شناختی نظام (اے آئی ایس) کا ڈیٹا ہیک کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکر بحیرۂ عمان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ جہاز اپریل سے ایران کے خلاف نافذ امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔
تاہم گزشتہ چند روز کی سیٹلائٹ تصاویر میں اس نام کے کسی جہاز کی نقل و حرکت نظر نہیں آئی۔ جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق ’’لائن بریکر‘‘ نامی کوئی ایرانی آئل ٹینکر موجود نہیں اور اس کے خودکار شناختی نظام سے نشر ہونے والی معلومات بھی درست نہیں۔
دوسری جانب حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے امریکی ناکہ بندی توڑنے اور خارگ جزیرے کے قریب آئل ٹینکروں کے ذریعے تیل کی منتقلی سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
اس بحث کا آغاز 17 نومبر کو اس وقت ہوا جب ایران سے منسلک سمجھے جانے والے ذرائع نے تجویز دی کہ امریکی ناکہ بندی توڑنے کے لیے آئل ٹینکروں کا ایک قافلہ روانہ کیا جائے۔ اس موقع پر یہ دھمکی بھی دی گئی کہ اگر امریکا نے جہازوں کو روکنے کی کوشش کی تو خطے میں توانائی کی تنصیبات، خصوصاً متحدہ عرب امارات کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
خام تیل کے تجزیہ کار ہمایوں فلکشاہی کے مطابق گزشتہ ہفتے خلیج فارس میں ایرانی خام تیل ایک ٹینکر سے دوسرے ٹینکر میں منتقل کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرا جہاز ماضی میں روسی فیول آئل منتقل کر چکا ہے اور اس وقت امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل نہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی ٹینکروں کی جانب سے امریکی ناکہ بندی توڑنے کی اطلاعات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بہت زیادہ قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاملہ کسی معقول راستے سے حل ہو جائے گا۔
